سیاحوں کیلئے بری خبر، تھائی لینڈ نے ویزا فری مدت اچانک کم کردی

اعداد و شمار کے مطابق سیاحت تھائی لینڈ کی مجموعی قومی پیداوار کا 10 فیصد سے زیادہ حصہ ہے

تھائی لینڈ نے غیر ملکی شہریوں سے متعلق جرائم پر قابو پانے کیلئے ویزا فری قیام کی مدت میں بڑی کمی کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تھائی حکومت نے 90 سے زائد ممالک کے شہریوں کیلئے بغیر ویزا قیام کی موجودہ 60 روزہ سہولت محدود کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کا مقصد ایسے غیر ملکی افراد کے خلاف کارروائی کرنا ہے جو سیاحتی ویزا سہولت کا غلط استعمال کرتے ہوئے منشیات، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار جیسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔

تھائی لینڈ کے وزیر سیاحت نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت زیادہ تر ممالک کے شہریوں کو اب صرف 30 دن تک ویزا فری قیام کی اجازت دی جائے گی، جبکہ بعض ممالک کے لیے یہ مدت 15 دن تک محدود ہو سکتی ہے۔

حکام کے مطابق نئی پالیسی ہر ملک کیلئے الگ بنیاد پر نافذ کی جائے گی۔ اس سے قبل جولائی 2024 میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ویزا فری قیام کی مدت 30 دن سے بڑھا کر 60 دن کی گئی تھی۔

تھائی وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت کسی خاص ملک کو نشانہ نہیں بنا رہی بلکہ ایسے افراد کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں جو ویزا نظام کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

سرکاری ترجمان کے مطابق سیاحت ملک کی معیشت کیلئے انتہائی اہم ہے، لیکن بعض عناصر نے موجودہ سہولت سے ناجائز فائدہ اٹھایا۔

اعداد و شمار کے مطابق سیاحت تھائی لینڈ کی مجموعی قومی پیداوار کا 10 فیصد سے زیادہ حصہ ہے، تاہم کورونا وبا کے بعد اب تک سیاحوں کی تعداد مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی۔

حکومت نے رواں سال تقریباً 3 کروڑ 35 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی آمد کی توقع ظاہر کی ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

Load Next Story