وزیراعلیٰ پنجاب کا دورۂ آذربائیجان، ورلڈ اربن فورم میں قائم پنجاب کا پویلین توجہ کا مرکز بن گیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ آذربائیجان کے دوران ورلڈ اربن فورم میں قائم پنجاب پویلین دنیا بھر کے مندوبین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ورلڈ اربن فورم پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے آذربائیجان کے شہر باکو میں ’پنجاب پویلین‘ کا افتتاح کیا اور پویلین کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
پنجاب پویلین کی افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی میڈیا کی ریکارڈ اور بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، جبکہ عالمی وفود، شرکاء اور میڈیا نمائندگان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ملاقاتیں بھی کیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پویلین میں موجود بین الاقوامی شرکاء کو پنجاب کے افورڈ ایبل اربن ہاؤسنگ پراجیکٹ کی کامیابی سے متعلق آگاہ کیا۔ عالمی میڈیا نے مریم نواز حکومت کے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کی رفتار کو رول ماڈل قرار دیا۔
پنجاب پویلین میں حکومت پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ کی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے گھروں کے شواہد دکھائے گئے۔
دستاویزی فلم میں عوام کی خوشی دیکھ کر عالمی میڈیا اور معزز مہمانوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تالیاں بجا کر داد دی۔ حکام کے مطابق محض ایک سال کے عرصے میں ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ اسکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل کیے گئے ہیں۔
پنجاب پویلین میں شریک عالمی وفود اور میڈیا نمائندگان نے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور عوامی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔