پاکستان اور جاپان کے درمیان پیٹرولیم، جیوسائنسز اور معدنی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جاپان کے سفیر اَکاماتسو شوئیچی کا جیولوجیکل سروے آف پاکستان میں استقبال کیا جہاں دونوں ممالک کے درمیان پیٹرولیم شعبے بالخصوص جیوسائنسز اور معدنی تحقیق میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان جیوسائنسز اور معدنی تحقیق کے شعبے میں جاری طویل المدتی سائنسی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ جاپان اور جائیکا کی معاونت سے جیوسائنس ایڈوانس ریسرچ لیبارٹریز کا قیام دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے اور روایتی طریقوں کی جگہ جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ معدنی وسائل کی تحقیق اور ترقی کو مؤثر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر جیو سائنسز ایڈوانس ریسرچ لیبارٹری کی تاریخ، ارتقاء اور جدید صلاحیتوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
جاپانی سفیر اَکاماتسو شوئیچی نے پاکستان کی سائنسی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاپان جیوسائنسز کے شعبے میں تکنیکی تعاون اور سائنسی تبادلوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں جیوسائنسز، لیبارٹری طریقہ کار اور تکنیکی استعداد کار بڑھانے کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
اس موقع پر پیٹرولیم ڈویژن، جیولوجیکل سروے آف پاکستان، جاپانی سفارتخانے اور جائیکا کے سینئر حکام نے شرکت کی۔