شان شاہد کی کراچی کے اداکاروں اور ہدایتکاروں پر تنقید، وجہ کیا ہے؟
پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار شان شاہد نے کراچی سے تعلق رکھنے والے بڑے اداکاروں کے رویے پر کھل کر تنقید کی ہے، جس کے بعد شوبز حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
شان شاہد پاکستان کے سب سے بڑے فلمی ستاروں میں شمار کیے جاتے ہیں، جنہوں نے اردو اور پنجابی فلم انڈسٹری میں 700 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔ کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں وہ آج بھی ایک مضبوط اسٹار پاور کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ رواں سال ان کی فلم ’’بلھا‘‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی، جبکہ وہ عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’’سائیکو‘‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گے۔
حال ہی میں ’’سائیکو‘‘ کے ٹریلر لانچ کے لیے جب شان شاہد کراچی پہنچے تو وہاں شوبز انڈسٹری کی بڑی شخصیات خصوصاً ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ کی عدم موجودگی نے سوالات کو جنم دیا۔ اسی تناظر میں جب ان سے کراچی اسٹارز کی جانب سے سپورٹ نہ ملنے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کھل کر اپنا مؤقف پیش کیا۔
شان شاہد نے سخت لہجے میں کہا کہ کچھ فنکار اپنے ہی ایک محدود دائرے میں رہتے ہیں۔ ان کے مطابق جب بھارت سے کال آئے تو ’’فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘‘، لیکن جب لاہور کے فنکاروں کی بات آئے تو پھر اچانک سرحدیں یاد آ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کراچی میں ہونے والے اچھے کام کی قدر کرتے ہیں، لیکن یہ بھی دیکھا ہے کہ بعض بڑے اداکار لاہور کے فنکاروں کے ساتھ ویسا خیرمقدم نہیں کرتے جیسا ہونا چاہیے۔
اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کچھ صارفین ان کے مؤقف سے اتفاق کر رہے ہیں جبکہ کچھ اسے غیر ضروری تنقید قرار دے رہے ہیں۔