اے این ایف کا مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 7 ملزمان گرفتار

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 3 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 502.91 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی

اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 7 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 3 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 502.91 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ حیات آباد پشاور میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والی خاتون کے قبضے سے کیلسی کے ڈبے میں چھپائی گئی 1.582 کلوگرام ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ جناح ایئرپورٹ کے قریب کوریئر آفس میں سعودی عرب جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب 3.9 کلوگرام آئس برآمد ہوئی جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر واقع کوریئر آفس میں برطانیہ جانے والے پارسل سے 310 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

رنگ روڈ پشاور پر پمپ کے قریب گاڑی سے 18 کلوگرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 1.2 کلوگرام چرس اور 200 گرام آئس برآمد ہوئی۔

اے این ایف کے مطابق فیض پور لاہور کے قریب ملزم کے قبضے سے 22.8 کلوگرام چرس، 2 کلوگرام افیون اور 700 گرام آئس برآمد کی گئی جبکہ تربت، ضلع کیچ کے قریب 451 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے تحت انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story