پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس، صدر زرداری اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات
آصدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، اسٹریٹجک تعاون اور غیر متزلزل دوستی کی روشن مثال ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ بدلتے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود پاکستان اور چین ہمیشہ یکجہتی کے ساتھ کھڑے رہے۔ پاک چین اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور ترقی کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پاک چین مثالی دوستی پر فخر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے جدت، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ پاکستان چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ، گلوبل سیکیورٹی اور گلوبل سویلائزیشن اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چین کے عالمی اقدامات امن، پائیدار ترقی اور عالمی ہم آہنگی کے فروغ کی عکاسی کرتے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ’ون چائنا‘ اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور چین کے بنیادی مفادات سے متعلق تمام امور پر پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔
اپنے پیغام میں صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو سراہتا ہے۔ گلوبل ساؤتھ کے لیے چین کی قیادت اور مغربی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے اس کے مثبت کردار کو بھی سراہتے ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ٹیکنالوجی، زراعت، گرین انرجی، سیاحت اور جدت طرازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
صدر مملکت نے پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آنے والے برسوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں دونوں ممالک کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس تاریخی سنگِ میل کو شایانِ شان انداز میں منانا پاکستان اور چین کے تعلقات کی گہرائی، وسعت، مضبوطی اور تابناک مستقبل کی عکاس ہے۔ پاکستان کے عوام، چین کے عوام کے لیے حقیقی طور پر بے حد عزت و احترام اور دلی محبت کا جذبہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد، خودمختار برابری اور امن و ترقی کی مشترکہ خواہشات پر مبنی ہمارے دوطرفہ تعلقات اور مثالی دوستی ایک مضبوط ’ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری‘ میں تبدیل ہو چکی ہے۔ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود یہ دوستی مسلسل مضبوط، مؤثر اور تزویراتی اہمیت کی حامل ہوتی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، چینی صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کی بصیرت افروز قیادت میں چین نے جدیدیت، اختراع، غربت کے خاتمے اور قومی احیا کے میدان میں غیرمعمولی ترقی حاصل کی ہے۔ چین کی ترقی اور تبدیلی ترقی پذیر ممالک کے لیے باعثِ تحریک اور قابل تقلید ہے اور عالمی امن و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف شعبہ جات میں چین کے تعاون کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان ’ایک چین‘ کے اصول پر اپنے غیرمتزلزل سفارتی مؤقف کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی اور قومی ترجیحات میں چین کی مضبوط معاونت نے غیرمعمولی کردار ادا کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک (CPEC) نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے تحفظ، صنعتی تعاون میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان، سی پیک کے اگلے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین تعاون اب ڈیجیٹل معیشت، جدت، خلائی معاونت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں جیسے نئے شعبوں تک وسعت اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہِ قراقرم سے لے کر خلائی تعاون تک، پاک چین دوستی پائیدار تزویراتی اعتماد کو عملی ترقی اور مشترکہ خوشحالی میں بدلنے کی روشن مثال ہے۔بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تغیر پذیر دنیا میں پاکستان اور چین، کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی اور جامع ترقی کے اصولوں پر کاربند ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ’ہر موسم کی تزویراتی اشتراکی شراکت داری‘ علاقائی استحکام اور عالمی تعاون کے لیے ایک مثبت قوت کے طور پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔اللہ کرے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی ہر آنے والی نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی چلی جائے۔پاک چین دوستی زندہ باد۔
پاک چین دوستی لازوال اعتماد کی روشن مثال ہے: وزیرداخلہ کا پیغام
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور چینی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین دوستی کے 75 سال بے مثال اعتماد، لازوال محبت اور مخلصانہ تعاون کی داستان ہیں۔ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال کی بے مثال تکمیل ایک تاریخ ساز سنگ میل ہے۔ چین پاکستان کا سب سے قابل اعتماد اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والا اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منظرنامے میں تبدیلیاں آئیں لیکن پاک چین فولادی عزم اور لازوال دوستی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ دفاعی تعاون سے اقتصادی شراکت داری تک، پاک چین تعلقات خطے میں استحکام اور ترقی کی روشن مثال بن چکے ہیں۔
محسن نقوی کے مطابق سی پیک دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون اور پائیدار ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جبکہ خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے پاکستان اور چین کا مؤقف ہمیشہ یکساں رہا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات ہوں یا عالمی وبائیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر بھائی چارے کا حق ادا کیا۔ پاک چین دوستی پہلے سے زیادہ مضبوط، گہری اور ناقابل شکست بن چکی ہے ۔ ہر آنے والے دن مزید مضبوط، پائیدار اور بلندیوں پر جا رہی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین تاریخی اور مثالی دوستی میں دراڑ ڈالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔