روس میدان میں آگیا، ایران بحران کے حل کیلئے اہم فارمولا پیش کردیا

ماریا زاخارووا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کے یورینیم ذخائر کے مستقبل کا فیصلہ صرف ایران خود کرے گا

روس نے کہا ہے کہ ایران بحران کا حل صرف سفارتی مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے اور اس عمل میں ایران کے مفادات کا مکمل احترام ضروری ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان مارا زاخارووا نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے طاقت کے بجائے سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس اس بات کے لیے تیار ہے کہ اگر ایران اور امریکا مذاکرات کے ذریعے کسی معاہدے یا فیصلے تک پہنچتے ہیں تو ماسکو اس پر عمل درآمد میں دونوں ممالک کی مدد کرے گا۔

ماریا زاخارووا نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کے یورینیم ذخائر کے مستقبل کا فیصلہ صرف ایران خود کرے گا اور اس معاملے میں کسی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جانا چاہیے۔

روسی ترجمان کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، جوہری پروگرام اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق روس مسلسل اس بات پر زور دے رہا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع کو فوجی کارروائی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ خطے میں مزید عدم استحکام پیدا نہ ہو۔

Load Next Story