وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف دورے میں چینی قیادت سے ملاقات کریں گے—فوٹو/فائل: رائٹرز
وزیرِاعظم شہباز شریف چینی ہم منصب لی چیانگ کی دعوت پر 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک اہم اعلیٰ سطح کا تبادلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور اپنے چینی ہم منصب لی چیانگ کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے، دونوں ممالک کی قیادت دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرے گی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت اور صوبہ ژی جیانگ کا دورہ بھی کریں گے۔
گو جیاکون نے کہا کہ چین اور پاکستان بہترین دوست اور ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں، گزشتہ 75 برسوں کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور بین الریاستی تعلقات کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی قیادت کی اسٹریٹجک رہنمائی میں اعلیٰ سطح پر روابط برقرار رہے اور عملی تعاون میں مسلسل پیش رفت ہوئی جس کے نتیجے میں پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان نے اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ اور تعاون برقرار رکھا، مشترکہ مفادات کا مؤثر تحفظ کیا اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ روایتی دوستی کو مزید مضبوط بنانے، ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنے اور نئے دور میں چین اور پاکستان کے مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔