زیل پاک سوسائٹی سے قربانی کا بیل فرار، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، تلاش جاری
فوٹو: اے آئی تصوراتی تصویر
حیدرآباد کے سائٹ ایریا کے قریب زیل پاک سوسائٹی میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب قربانی کے لیے خریدا گیا ایک بھاری بھرکم سیاہ بیل گاڑی سے اتارتے ہی رسی چھڑا کر فرار ہو گیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیل تیزی سے بھاگتا ہوا لوگوں کو چکمہ دے رہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بیل کو قربانی کے لیے لایا گیا تھا تاہم جیسے ہی اسے گاڑی سے اتارا گیا تو اس نے اچانک رسی چھڑوائی اور زیل پاک سوسائٹی سے نکل کر گلستان سرمست کے علاقے کی جانب دوڑ لگا دی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بھاگتا ہوا بیل رات دس بجے تک گلستان سرمست کے اطراف میں دیکھا گیا جس کے بعد وہ نامعلوم سمت میں چلا گیا۔
بیل کے مالکان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو اس کے بارے میں معلومات ملیں تو فوری طور پر رابطہ کیا جائے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مدد کی درخواست کی ہے۔
واقعے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین اسے دلچسپ انداز میں شیئر کر رہے ہیں۔