خیبرپختونخوا کابینہ میں بڑی ردوبدل، 5 وزراء سمیت متعدد عہدیداروں کو محکمے مل گئے
پشاور میں صوبائی حکومت کی جانب سے اہم انتظامی و سیاسی فیصلے کرتے ہوئے پانچ نئے وزراء کو مختلف محکموں کا قلمدان تفویض کر دیا گیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق نذیر احمد عباسی کو انرجی اینڈ پاور کا محکمہ سونپا گیا ہے، جبکہ شکیل احمد کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس کا قلمدان دیا گیا ہے۔
محمد عارف کو معدنیات و معدنی ترقی کے محکمے کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ اسی طرح طارق محمود آریانی کو ریونیو اینڈ اسٹیٹ جبکہ شفیع اللہ جان کو اطلاعات و تعلقات عامہ کا محکمہ تفویض کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ چار مشیروں اور آٹھ معاونین خصوصی کو بھی مختلف محکموں کا چارج دے دیا گیا ہے۔
مشیروں میں مصور خان کو ماحولیات، جنگلی حیات اور موسمیاتی تبدیلی کا محکمہ دیا گیا ہے جبکہ لیاقت خان کو زکوٰۃ و عشر، ہمایون خان کو صنعت اور میاں محمد عمر کو زراعت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
معاونین خصوصی میں طارق سعید کو داخلہ، محمد عثمان کو فنی تعلیم اور طفیل انجم کو بہبود آبادی کا محکمہ دیا گیا ہے۔
اسی طرح افتخار اللہ جان کو جیل خانہ جات، سمیع اللہ جان کو ٹرانسپورٹ اور میاں عدیل اقبال کو ثقافت و سیاحت کا محکمہ دیا گیا ہے۔
محمد خورشید کو لائیوسٹاک و ماہی پروری جبکہ محمد اسرار کو خوراک کے محکمہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تقرریاں انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور محکموں کی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔