پاکستانی نژاد فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو پیرس کی عدالت میں ٹیکس فراڈ کیس میں سزا
فرانس میں پاکستانی نژاد معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کو ٹیکس فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے پیرس کی اپیل کورٹ نے سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے ان کے خلاف معطل قید، بھاری جرمانہ اور کاروباری سرگرمیوں پر طویل پابندی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔
فرانسیسی میڈیا، خصوصاً اخبار ’لی مونڈ‘ کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ محمود بھٹی پر ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت ہو چکے ہیں۔ فیصلے کے تحت انہیں دو سال کی معطل قید کی سزا دی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ پچاس ہزار یورو جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں آئندہ 10 سال تک کسی بھی کمپنی کے انتظامی امور چلانے سے روک دیا گیا ہے۔
عدالتی کارروائی میں یہ بھی سامنے آیا کہ ان سے تین لگژری گھڑیاں اور تین جیگوار گاڑیاں ضبط کر لی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مقدمے کی تحقیقات سے یہ ثابت ہوا کہ 2009 سے 2012 کے دوران ٹیکس فراڈ جبکہ 2009 سے 2014 تک منی لانڈرنگ کے شواہد موجود تھے۔
تفتیشی حکام کے مطابق محمود بھٹی نے متحدہ عرب امارات میں قائم ایک کمپنی کے ذریعے قرضوں کے نظام کو استعمال کرتے ہوئے اپنی پرتعیش زندگی کے اخراجات پورے کیے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق انہوں نے اپیل کے دوران الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے نسبتاً کم سزا کی درخواست بھی دی۔ یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ وہ اس سے قبل 2001 میں بھی مالی بے ضابطگیوں کے ایک کیس میں زیرِ تفتیش رہ چکے ہیں۔