لاہور میں فیکٹری کا تالا توڑ کر قربانی کا قیمتی بیل چوری

پولیس نے بروقت ملزم کو گرفتار کرکے چوری شدہ بیل برآمد کرلیا، مقدمہ درج

لاہور: رات کی تاریکی میں فیکٹری کا تالہ توڑ کر قربانی کا قیمتی بیل چوری کرنے والا ملزم پولیس کی بروقت کارروائی میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق 15 کی کال پر اطلاع ملتے ہی گجر پورہ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔

اس کارروائی کے دوران کرول گھاٹی کے جنگلاتی علاقے سے ملزم محسن علی کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے چوری شدہ قربانی کا بیل بھی برآمد کر لیا گیا۔

ایس پی سول لائنز کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ بیل واپس ملنے پر مالکان نے گجر پورہ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

Load Next Story