ایلون مسک کے بچے کی ماں کیوں بنی؟ ایشلے سینٹ کلیئر کا انکشاف
امریکی مصنفہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر نے پہلی بار کھل کر بتایا ہے کہ انہوں نے دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلون مسک کے ساتھ خاندان بڑھانے کا فیصلہ کیوں کیا۔ ان کے انکشافات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں صارفین اس تعلق کے مختلف پہلوؤں پر تبصرے کر رہے ہیں۔
ایشلے سینٹ کلیئر کے مطابق جب ان کی ملاقات ایلون مسک سے ہوئی تو وہ پہلے ہی ایک بچے کی ماں تھیں اور بطور سنگل مدر زندگی ان کے لیے آسان نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ اخراجات، بچوں کی ضروریات اور مالی دباؤ ہمیشہ ذہن پر سوار رہتا تھا۔ ایسے میں ایلون مسک کی جانب سے مزید بچوں کی خواہش اور خاندان بڑھانے کی بات ان کے لیے غیر معمولی طور پر پرکشش محسوس ہوئی۔
انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا کہ ایلون مسک اکثر کہتے تھے کہ ان کے لیے زندگی میں سب سے محدود چیز وقت ہے، جبکہ وہ زیادہ بچوں کے خواہشمند ہیں۔ ایشلے کے مطابق ایک ایسے شخص کے ساتھ زندگی گزارنے کا تصور، جو بچوں کو پسند کرتا ہو اور جہاں مالی عدم استحکام کی فکر نہ ہو، ان کے فیصلے میں اہم کردار ادا کرنے لگا۔
ایشلے سینٹ کلیئر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ موجودہ معاشی حالات میں والدین کے لیے بچوں کی پرورش ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، اسی لیے مالی تحفظ ان کے لیے انتہائی اہم تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود جانتی ہیں کہ سنگل مدر ہونا کتنا مشکل ہوتا ہے اور اسی تجربے نے انہیں ایک مستحکم مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے گزشتہ سال فروری میں پہلی بار سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا تھا کہ ان کے بچے کے والد ایلون مسک ہیں۔ ایشلے کے مطابق حمل سے قبل دونوں کے درمیان گہرا جذباتی تعلق موجود تھا، تاہم حمل کے بعد ایلون مسک کے رویے میں نمایاں تبدیلی آنا شروع ہوگئی اور حالات پہلے جیسے نہ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بچے کی پیدائش کو تقریباً پانچ ماہ تک خفیہ رکھا تاکہ بچے کی پرائیویسی اور سیکیورٹی متاثر نہ ہو۔ بعد ازاں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایلون مسک کی جانب سے دی جانے والی مالی معاونت میں بتدریج کمی کی گئی۔ ان کے مطابق ابتدا میں انہیں ایک لاکھ ڈالر ماہانہ دیے جاتے تھے، جو بعد میں کم ہو کر چالیس ہزار اور پھر بیس ہزار ڈالر تک محدود ہوگئے۔