عمران خان کو جیل میں خطرہ ہے، عدالت میں پٹیشن دائر کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی
فوٹو: ایکسپریس نیوز
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بانی چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں خطرہ ہے اس لیے عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کی جارہی ہے جبکہ تحریک چلانے کا اختیار محمود خان اچکزئی کے پاس ہے اور وزیراعلی سہیل آفریدی کو اسٹریٹ موومنٹ کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
پشاور پریس کلب میں معظم بٹ ایڈوکیٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شاندانہ گلزار نے کہا کہ خیبر پختون خوا کے قبائلی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کا خون بہانہ بند کیا جائے، آج ہمارے صوبے کے بے گناہ لوگوں کو ڈرون اور بم دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سائفر پر بیرونی سازش کا نشانہ بنایا گیا، بانی پی ٹی آئی نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ میرے خلاف سازش کی جا رہی ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہوگا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مرکز کی جانب سے خیبر پختونخوا کی گیس بجلی اور وسائل نہیں دیے جا رہے ہیں، ایسے حالات ہیں کی کوئی بچوں کو تعلیم نہیں دے سکتا، گھر کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں خیبر پختونخوا میں دہشت گردی نہیں تھی اور نہ ڈرون حملے تھے، محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کو مکمل اختیار ہے کہ وہ احتجاج کی کال دیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بار بار کہتے تھے کہ ان چوروں کا بوجھ ہمارا ملک برداشت نہیں کر سکتا لیکن اج وہی چور بیٹھے ہوئے ہیں اور ملک میں بدامنی، مہنگائی ہے اور ہر طرف بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔
شاندانہ گلزار نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں خطرہ ہے، جس کے خلاف وہ پشاور ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن دائر کریں گی، اس کے علاوہ تعلیمی اداروں کی نج کاری کے خلاف بھی پشاور ہائی کورٹ میں باقاعدہ رٹ دائر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کا کام ہے کہ وہ احتجاج کریں، ہمارے مقبول لیڈر کو گریبان سے پکڑا گیا ہے، وزیر اعلی سہیل آفریدی کو اسٹریٹ مومنٹ کا ٹاسک دیا گیا ہے، سہیل آفریدی صوبے کے وسائل کےلیے گورنر کے ساتھ بیٹھا ہے۔