بنگلا دیشی بھینسا ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ سوشل میڈیا اسٹار بن گیا
بنگلادیش میں سنہرے بالوں والا ایک بھینسا ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ سوشل میڈیا اسٹار بن گیا۔ سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے اس البینو بھینسے کے ساتھ تصویر کھنچوانے کے لیے دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کا تانتا بندھا ہوا ہے۔
38 سالہ مالک ضیاء الدین مردھا کے مطابق ان کے چھوٹے بھائی نے اس 700 کلو وزنی بھینسے کا نام امریکی صدر ٹرمپ کے مشہور ہیئر اسٹائل سے مشابہت کی وجہ سے رکھا۔
انہوں نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے چھوٹے بھائی نے اس کے غیرمعمولی بالوں کی وجہ سے یہ نام تجویز کیا تھا۔
دارالحکومت ڈھاکا کے قریبی علاقے نارائن گنج میں واقع فارم پر رواں مہینے اس سوشل میڈیا اسٹار کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی آمد کا سلسلہ برقرار رہا۔
فارم پر موجود افراد بھینسے کے سر پر ٹھنڈا پانی ڈال کر اسے نہلاتے، پھر گلابی برش سے اس کے سنہری بال سنوارتے، جو اس کے خم دار بڑے سینگوں کے درمیان خوب جچتے تھے۔