پری حج آپریشن 2026 کامیابی سے مکمل

اسلام آباد ایئرپورٹ سے 45 ہزار 160 اور لاہور ایئرپورٹ سے 32 ہزار 734 عازمین حج روانہ ہوئے، پی اے اے

فوٹو: فائل

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے بتایا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سے پری حج آپریشن 2026 کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے۔

پی اے اے کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پری حج آپریشن 2026 کامیابی سے مکمل ہوا اور اسلام آباد ایئرپورٹ میں سب سے زیادہ عازمین حج کو سہولت فراہم کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے 45 ہزار 160 عازمین حج روانہ کیے گئے اور حج 2026 کے دوران 284 پروازیں آپریٹ کی گئیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے روٹ ٹو مکہ اقدام کے تحت 37 ہزار 72 عازمین حج روانہ ہوئے اور نجی حج اسکیم کے تحت 8 ہزار 88 عازمین اور نجی حج آپریشن کے تحت 142 پروازیں کامیابی سے آپریٹ کی گئیں۔

پی اے اے نے بتایا کہ ایک روز میں 8 حج پروازوں کو کامیابی سے ہینڈل کیا گیا، بیک وقت 4 روٹ ٹو مکہ پروازوں کا کامیاب آپریشن بھی ہوا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی ٹیم کی جانب سے سامان کی ٹریکنگ کے لیے (آر ایف آئی ڈی) ٹیکنالوجی استعمال ہوئی، کم نقل و حرکت والے عازمین کو خصوصی سہولیات فراہم کی گئیں، حج 2026 میں اسلام آباد ایئرپورٹ نے عازمین کی سب سے زیادہ تعداد کا ریکارڈ قائم کیا۔

پی اے اے نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ پر بھی پری حج آپریشن 2026 کامیابی سے مکمل ہوا اور لاہور سے آخری روٹ ٹو مکہ حج پرواز کامیابی سے روانہ ہوگئی۔

ایئرپورٹس اتھارٹی نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ سے 32 ہزار 734 عازمینِ حج روانہ ہوئے، 126 حج پروازیں کامیابی سے آپریٹ ہوئیں، آخری پرواز پی کے 741، 105 عازمین حج کے ساتھ گزشتہ رات 10 بج کر 20 منٹ پر لاہور سے جدہ روانہ ہوئی۔

پی اے اے نے بتایا کہ روٹ ٹو مکہ آپریشن لاہور ایئرپورٹ پر کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔