پئٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی موجودہ پالیسی پر فوری نظر ثانی کا مطالبہ

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام مراسلہ جاری کردیا

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی موجودہ پالیسی پر فوری نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے ہفتہ وار شیڈول کو فوری ختم کر کے 15 روزہ روٹین بحال کی جائے۔

اس ضمن میں ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام مراسلہ جاری کردیا ہے۔

مراسلے میں موجودہ پالیسی سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور مسائل و مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موجودہ پالیسی پر پمپ آپریٹرز کو شدید تحفظات ہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل سے مالکان آپریشنل اور فنانشل طور پر شدید عدم استحکام کا شکار ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ سے نہ صرف کاروبار تباہ ہورہے ہیں بلکہ کھاتہ داری اور عوامی برتاؤ سمیت بے شمار پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں جس پمپ مالکان کو غیر ضروری اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

اسی طرح قیمتوں میں بار بار اتار چڑھاؤ سے مارکیٹ میں استحکام اور عوام کا اعتماد بحال رکھنا بھی ممکن نہیں مذکورہ مسائل و مشکلات کے پیشِ نظر قیمتوں میں ردوبدل کی موجودہ پالیسی فی الفور ختم کر کے اسے 15 روز کی سابقہ روٹین پر بحال کیا جائے۔

جس سے نہ صرف کاروبار میں استحکام آئے گا بلکہ آپریشنل کارکردگی بہتر ہونے کے ساتھ مالکان، ڈیلروں اور گاہکوں کو بھی ایک متوازن ماحول میسر آئے گا مراسلہ میں یہ امید ظاہر کی گئی ہے کہ وزیر اعظم اس معاملہ کا فوری نوٹس لیں گے۔
۔

Load Next Story