ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ: پاکستان کے تین کھلاڑی فائنل میں پہنچ گئے
ماہ نور علی سمیت پاکستان کے تین کھلاڑی 33ویں ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے مختلف ایونٹس کے فائنل میں پہنچ گئے۔
چین کے شہر پانزیہوامیں جاری چیمپئین شپ میں پاکستان کاایک گولڈ اور دو سلور میڈل یقینی ہو گئے جبکہ دو کھلاڑیوں کو ناکامی کے بعد برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔
چیمپئن شپ میں پاکستان پانچ میڈلز کا حقدار بن گیا ہے۔
بوائز انڈر 17 ایونٹ میں نعمان خان نے اپنے ہم وطن محمد عمیر عارف کو ایک گیم کی قربانی دے کر 1-3 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی، یہ مقابلہ 54 منٹ تک جاری رہا۔
ٹائٹل کے لیے نعمان خان کا ٹکراؤ سیڈ 5 بھارت کے شیوان اگروال سے ہوگا۔
بوائز انڈر 15 میں ٹاپ سیڈ احمد ریان خلیل نے صرف 20 منٹ میں ملائیشیا کے سیل جیولس تان لی ہاؤ کو 0-3 سے زیر کرلیا۔
ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے سہیل عدنان کو ملائیشیا کے دھوران روتھیران نے 47 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
اب فائنل میں دھوران کا مقابلہ احمد ریان خلیل سے ہوگا۔
گرلز انڈر 15 ایونٹ میں سیڈ 4 ماہ نور علی نے ہانگ کانگ کی ٹانگ چنگ سم کو1-3 سے شکست دے کر فائنل میں کھیلنے کا حق حاصل کر لیا۔
گولڈ میڈل کے لیے ماہ نور کا مقابلہ ٹاپ سیڈ ہانگ کانگ کی زی یوان سے ہوگا۔
یاد رہے کہ ماہ نور علی نے گزشتہ سال ایشین جونیئر چیمپین شپ میں گرلز انڈر 13 کا فائنل کھیل کرسلور میڈل جیتا تھا۔