روس-یوکرین جنگ فوری بند کی جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کیا

فوٹو: اے پی پی

پاکستان نے اقوام متحدہ میں روس-یوکرین جنگ کے فوری خاتمے، جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح تنازعات میں شہریوں کو کہیں بھی نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں لڑائی میں اضافے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔

سلامتی کونسل کا یہ اجلاس روس کے زیرکنٹرول علاقہ لوہانسک میں ایک کالج ہوسٹل پر حملے کے بعد طلب کیا گیا تھا، جس میں بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور اوسی ایچ اے کی ڈائریکٹر ایڈم ووسورنو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ فوجی ذرائع دیرپا امن نہیں لا سکتے بلکہ مکمل جنگ بندی، بامقصد مذاکرات اور سیاسی عزم ہی اس تنازع کا حل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شروع سے ہی اس جنگ کے پرامن حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی حمایت کرتا آیا ہے اور پائیدار امن کے لیے اقوام متحدہ کے منشور اور تمام فریقین کے جائز سیکیورٹی مفادات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

Load Next Story