مکہ، لاکھوں عازمین حج کے لیے بڑی مشکل آن پڑی، سعودی محکمہ موسمیات نے اہم الرٹ جاری کر دیا
سعودی محکمہ موسمیات نے مناسکِ حج کے دوران مکہ میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت 25 مئی تک 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جس سے عازمینِ حج کو سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مدینہ میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے مزید بتایا ہے کہ ہوا میں نمی کی شرح تقریباً 40 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
موسمیاتی ماہرین نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان بھی موجود ہے جس سے موسم مزید غیر یقینی صورتحال اختیار کرسکتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حج انتظامیہ نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ سخت گرمی کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں، دھوپ سے بچاؤ کے اقدامات کریں اور تمام حفاظتی
رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی جیسے خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
حکام کے مطابق بیرونِ ملک سے آنے والے عازمین کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جن میں بڑی تعداد فضائی راستے سے سعودی عرب پہنچ رہی ہے۔
جمعہ کے روز مسجد الحرام میں لاکھوں زائرین نے نمازِ جمعہ ادا کی جبکہ حج کا سب سے اہم مرحلہ وقوفِ عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا۔