ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے باعث بی ٹو بی معاہدات میں تیزی
ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان کے معدنی شعبے میں بین الاقوامی تعاون اور ویلیو ایڈیشن کے نئے امکانات روشن ہوگئے۔
پاک سالٹ کارپوریشن اور چین نیشنل سالٹ انڈسٹری گروپ نے راک سالٹ شعبے میں طویل المدتی تعاون کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
ایس آئی ایف سی نے چینی اور پاکستانی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے شراکت داری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ معاہدے کی تکمیل میں وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے بھی کلیدی معاونت فراہم کی۔
معاہدے کے تحت کان کنی، پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور تیار مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ معاہدے کا مقصد پاکستان کے وسیع راک سالٹ ذخائر کو منظم عالمی سپلائی چین کا حصہ بنانا اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی نمک کی رسائی بڑھانا ہے۔
شراکت داری سے مقامی پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور پاکستانی سالٹ مصنوعات کی عالمی رسائی میں اضافہ ممکن ہوگا۔
چیئرمین، چائنا نیشنل سالٹ انڈسٹری گروپ، شین ژاؤجون نے کہا کہ پاکستان اور چین کی روایتی دوستی گہری ہے نمک کے شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
چیئرمین پاکستان سالٹ کمپنی، احمد ندیم خان کا کہنا تھا کہ چائنا نیشنل سالٹ انڈسٹری گروپ کی جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان کے منفرد نمک کے وسائل کو عالمی سطح پر ترقی دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
محمد مبارک خان سی ای او، میریکل سالٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے کہا کہ پاکستان چین نمک صنعت کا تاریخی معاہدہ پاک سالٹ کارپوریشن کے ذریعے شمالی امریکی اور چینی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا ہے۔ یہ تاریخی سنگِ میل ایس آئی ایف سی کی اسٹریٹجک معاونت سے حاصل ہوا جس نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھایا اور پاکستان میں کاروباری فریم ورک کو مضبوط بنایا۔