اختلافِ رائے دبانے کی کوشش؟ اسرائیل میں اساتذہ کی خفیہ نگرانی کا انکشاف
اسرائیل میں حکومت پر تنقید کرنے والے اساتذہ کی نگرانی اور انہیں خاموش کرانے سے متعلق ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ وزارتِ تعلیم کے اندر ایک خفیہ نگرانی یونٹ کام کر رہا ہے جو حکومت مخالف خیالات رکھنے والے اساتذہ پر نظر رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ خفیہ یونٹ اساتذہ کی سوشل میڈیا سرگرمیوں، احتجاجی مظاہروں میں شرکت اور سیاسی بیانات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پر تنقید کرنے والے اساتذہ کو دباؤ، دھمکیوں اور ممکنہ کارروائیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
ہاریٹز کی رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ صرف چند افراد تک محدود نہیں بلکہ بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اور عرب ماہرین تعلیم کی نگرانی کرنے کی ایک وسیع اور منظم مہم کا حصہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس عمل کا مقصد تنقیدی آوازوں کو دبانا اور تعلیمی اداروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف اختلاف رائے کو محدود کرنا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ خفیہ یونٹ وزارتِ تعلیم کی بیوروکریسی کے اندر انتہائی رازداری کے ساتھ کام کر رہا ہے، جبکہ اس کے بیشتر معاملات عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیے جاتے۔
اس انکشاف کے بعد اسرائیل میں اظہارِ رائے کی آزادی، تعلیمی اداروں کی خودمختاری اور انسانی حقوق سے متعلق نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ سیاسی اور سماجی حلقے اس معاملے پر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔