راولپنڈی: شرپسندوں کی الیکٹرک بس سروس کی انتظار گاہوں میں توڑ پھوڑ، بورڈ بھی چوری کرلیے گئے

الیکٹرک بس منصوبے کو نامعلوم شرپسند عناصر نے نشانہ بنا لیا

پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت کی جانب سے راولپنڈی کے شہریوں کو بین القوامی معیار کی پبلک ٹرانسپورٹ کے آغاز کے بعد شر پسند افراد نے الیکٹرک بس منصوبہ کی 49 انتظار گاہوں میں توڑ پھوڑ کی اور ان انتظار گاہوں پر نصب کیے گے سائن بورڈ چوری کرکے لے گئے۔

دنیا بھر میں حکومت کی جانب سے تعمیر کی جانے والی سرکاری سہولت عوام کی فلاح کے لئے تعمیر کی جاتی ہیں اور عوام سیاست سے بالا تر ہو ان املاک کی حفاظت کی پابند ہوتی ہے لیکن راولپنڈی شہر میں یہ منطق نرالی ہوگئی ہے۔

راولپنڈی میں شہریوں کو جدید اور سستی سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے الیکٹرک بس منصوبے کو نامعلوم شرپسند عناصر نے نشانہ بنا لیا ہے، شہربھرمیں قائم 49 انتظارگاہوں میں توڑ پھوڑ سےکروڑوں روپےمالیت کےسرکاری اثاثوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما سجاد خان ،مرزا منصور بیگ، رانا سرفراز، غلام علی، شیخ ارسلان حفیظ ، راجہ فیصل کا کہنا ہے کہ گرین میٹرو بس سروس عوام کے لئے تحفہ ہے اور جس سے انداز سے قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، اس کا سد باب ہونا چاہیے اور تمام بس اسٹاپس پر سیف سٹی کیمرے لگائے جائیں تاکہ ان شر پسند افراد کو گرفتار کیا جاسکے۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بس اسٹاپس پر پوسٹرز اور وال چاکنگ کو بھی ختم کیا جائے ہر پوسٹر پر متعلقہ کمپنی یا فرد کا نمبر درج ہوتا ہے اس کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے بس اسٹاپس عوام کی سہولت کے لیے ہیں۔

Load Next Story