وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اہم اجلاس، کوئٹہ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں آئی جی بلوچستان پولیس نے کوئٹہ چمن پھاٹک کے قریب دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔
اجلاس میں معصوم لوگوں پر بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کی گئی اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت دکھ کی گھڑی میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، درندوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیا۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔
آئی جی بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔