کراچی: شیشہ کیفیز اور ڈانس پارٹیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 6 افراد گرفتار
کراچی ساؤتھ زون میں شیشہ کیفیز اور ڈانس پارٹیوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی میں ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کی ہدایات پر ساؤتھ زون میں غیر قانونی شیشہ کیفیز، گیسٹ ہاؤسز، ڈانس پارٹیوں اور مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان ساؤتھ زون پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بوٹ بیسن اور ساحل تھانے کی حدود میں جاری دو مختلف پارٹیوں کے دوران منشیات کا استعمال کیا جا رہا ہے جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں مقامات پر چھاپے مارے۔
پولیس کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت مجموعی طور پر 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ شیشہ حقے، مختلف فلیورز اور دیگر متعلقہ سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔