سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز؛ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم پیر کو آئرلینڈ روانہ ہوگی

پاکستان، میزبان آئر لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سہ فریقی سیریز 28 مئی سے 4 جون تک ڈبلن میں کھیلی جائے گی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں پیر کی صبح آئرلینڈ روانہ ہو رہی ہے، قومی ویمن ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی  ورلڈ کپ2026  میں شرکت  سے قبل  تیاریوں کو حتمی شکل دینےکے لیے سہ ملکی ٹی ٹونٹی ویمن ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔

پاکستان، میزبان آئر لینڈ اور ویسٹ انڈیزکے درمیان سہ فریقی سیریز 28 مئی سے 4 جون تک ڈبلن میں کھیلی جائے گی، سیریز کامقصد 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اورویلزمیں ہونے والے آئی سی سی  ویمنز ٹی ٹونٹی  ورلڈ کپ سے قبل حتمی تیاری ہے، پاکستان ویمن ٹیم سیریز میں دونوں ٹیموں کے خلاف 2،2 میچز کھیلے گی۔

 پہلا میچ 29 مئی کو ویسٹ انڈیز، دوسرا میچ31 مئی کو آئرلینڈ ، تیسرا میچ3 جون کو ویسٹ انڈیز اور چوتھا میچ میچ 4 جون کو آئر لینڈ سے طے ہے، پاکستان ویمنز اسکواڈ فاطمہ ثناء(کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید ، منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رمین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن پر مشتمل ہے۔

 ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات، مومنہ ریاست، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی شامل ہیں، پاکستان ویمنز ٹیم کا ورلڈ کپ میں پہلا گروپ میچ 14 جون کو برمنگھم میں روایتی حریف بھارت سے ہے،  دوسرا میچ 17 جون کو جنوبی افریقہ،تیسرامیچ  20 جون کو بنگلہ دیش،چوتھا میچ  23 جون کو آسٹریلیا، 5 واں اور آخری میچ 27 جون کو برسٹل میں نیدرلینڈز سے ہوگا۔

 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم کو 6 جون کو سری لنکا اور 9 جون کو اسکاٹ لینڈ  سے وارم اپ میچ ہوگا، دریں اثنا دورہ آئر لینڈ کے لیے پاکستان ویمنز ٹیم کا 4 روزہ مختصر تربیتی کیمپ  ایل سی سی اے  گراونڈ، لاہور میں ختم ہوگیا، ٹیم مینٹور وہاب ریاض کی زیر نگرانی کوچنگ اسٹاف نے ویمن کرکٹرز کی اہلیٹ اور صلاحیتوں میں نکھار لانے کی کوشش کی۔

 معروف کرکٹرز شاہین آفریدی ،بابر اعظم،ابرار احمد، عباس آفریدی اور انگلینڈ کی شہریت اختیار کرنے والے معروف فاسٹ بولر محمد عامر  نے قومی ویمن کرکٹرز سے ملاقات کرکے ان  کی ہمت بڑھائی اور حوصلہ افزائی کی۔

Load Next Story