قطر نے ایران کے ساتھ معاہدے کے بدلے مالی ادائیگی کی خبروں کو مسترد کر دیا

وزارت خارجہ کے مطابق بعض عناصر امن کے قیام کیلئے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں

قطر نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے بدلے مالی ادائیگی سے متعلق خبروں اور افواہوں کو مسترد کر دیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کو مالی ادائیگی سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد جاری سفارتی مذاکرات کو سبوتاژ کرنا ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق بعض عناصر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کیلئے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اسی لیے جھوٹی خبریں اور افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

قطری حکام نے واضح کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کیلئے قطر کا کردار ہمیشہ شفاف اور واضح رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقائی شراکت داروں کے ساتھ قطر کا سفارتی کردار مکمل طور پر دستاویزی اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہے، لہٰذا غلط معلومات کے ذریعے حقیقت کو مسخ کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

قطری وزارت خارجہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کو آگے بڑھانے اور سفارتی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔

Load Next Story