پاکستان ابھرتی سفارتی ومعاشی طاقت تسلیم، سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ، بلومبرگ بھی معترف
پاکستان خطے میں ابھرتی سفارتی و معاشی طاقت ہے جب کہ عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔
امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک اور مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کے انتہائی فعال، مدبرانہ اور دوراندیش سفارتی کردار نے عالمی سطح پر دھاک بٹھا دی ہے، عالمی توانائی بحران کے باوجود پاکستان غیر معمولی معاشی استحکام کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مستقل مرکز بن چکا ہے۔
عالمی مالیاتی اعداد و شمار کیلئے مستند ترین ادارے بلومبرگ کے مطابق مشکل علاقائی و معاشی چیلنچزکے باوجود پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں میں اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہا، پاکستانی معیشت میں استحکام برقرار، روپیہ 280 فی ڈالر پر مستحکم جبکہ کے ایس ای-100 انڈیکس میں سال بھر صرف 1.3 فیصد معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
بلومبرگ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی مضبوطی کی بڑی وجوہات میں آئی ایم ایف سے تعاون، خلیجی سفارت کاری، اور سعودی عرب و چین کی مالی امداد شامل ہیں، سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ذخائر اور 5 ارب ڈالر کی قرض سہولت میں توسیع کی جبکہ چین نے پاکستان کے پہلے “پانڈا بانڈ” کیلئے 257 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
بلومبرگ نے کہا کہ عالمی معاشی طاقتیں پاکستان کی سٹریٹجک اہمیت کی معترف نظر آ رہی ہیں، محفوظ جغرافیائی مقام کے باعث گوادر بندرگاہ خطے میں مستقبل کا سب سے بڑا اور اہم اسٹریٹجک لاجسٹکس حب بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق پاکستان کی جغرافیائی و عسکری اہمیت، گوادر بندرگاہ کی اسٹریٹجک پوزیشن اور مسلم دنیا میں بڑھتا سفارتی کردار عالمی سرمایہ کاروں کیلئے نئی کشش بن رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر ایم ایف پروگرام، دوست ممالک کی مالی معاونت اور برآمدات پر مبنی اصلاحات کا تسلسل برقرار رہا تو پاکستان آئندہ چند برسوں میں خطے کی ابھرتی ہوئی معاشی و تجارتی معیشت بن سکتا ہے۔