رنویر سنگھ پر فلم انڈسٹری میں کام کرنے پر پابندی لگ گئی، اداکار کا ردعمل آگیا

رنویر سنگھ نے مؤقف اپنایا کہ یہ معاملہ کسی ’مناسب قانونی فورم‘ پر حل کیا جانا چاہیے

بالی ووڈ میں فلم ڈان 3 کا تنازع اب ایک بڑے انڈسٹریل بحران کی شکل اختیار کرگیا ہے، جہاں فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز (FWICE) نے اداکار رنویر سنگھ پر فلمی صنعت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

فیڈریشن کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ جب تک رنویر سنگھ ہدایتکار فرحان اختر کے ساتھ مبینہ 45 کروڑ روپے کے نقصان کے معاملے کو حل نہیں کرتے، اس وقت تک کوئی بھی پروڈکشن ہاؤس ان کے ساتھ کام نہیں کرے گا۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب فرحان اختر کی کمپنی ایکسل انٹرٹینمنٹ نے الزام عائد کیا کہ رنویر سنگھ نے تین فلموں کا معاہدہ کرنے کے باوجود آخری وقت پر ڈان 3 سے علیحدگی اختیار کرلی۔

پروڈیوسرز کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ رنویر سنگھ تمام پری پروڈکشن اخراجات کی ذمے داری قبول کریں، تاہم فیڈریشن کی ثالثی کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔ رنویر سنگھ نے مؤقف اپنایا کہ یہ معاملہ کسی ’مناسب قانونی فورم‘ پر حل کیا جانا چاہیے۔

فیڈریشن نے اپنے مؤقف میں کہا کہ فلمی صنعت ایک مشترکہ خاندان کی مانند ہے جہاں اچانک علیحدگیاں پورے نظام کو متاثر کرتی ہیں، اس لیے ایسے رویوں کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ چیف ایڈوائزر اشوک پنڈت نے بھی واضح کیا کہ آئندہ اس نوعیت کے معاملات پر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

پابندی کے اعلان کے بعد رنویر سنگھ کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے فلمی انڈسٹری اور ڈان فرنچائز سے وابستہ تمام افراد کا احترام کرنے کی بات کی ہے۔

ان کے ترجمان کے مطابق رنویر سنگھ نے ڈان 3 سے متعلق تنازع کے دوران جان بوجھ کر خاموشی اختیار کی کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پیشہ ورانہ معاملات کو وقار اور باہمی احترام کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ مختلف قیاس آرائیوں کے باوجود اداکار نے کبھی عوامی سطح پر جواب دینے کو مناسب نہیں سمجھا اور ان کی توجہ مکمل طور پر اپنے آئندہ پروجیکٹس پر ہے۔

دوسری جانب فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ متعدد نوٹسز کے باوجود رنویر سنگھ کی جانب سے تعاون نہیں کیا گیا، جس کے بعد نان کوآپریشن ڈائریکٹو جاری کیا گیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کے رویے اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈان فرنچائز میں اس سے قبل شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کرتے رہے ہیں، جبکہ 2023 میں رنویر سنگھ کو ڈان 3 کے لیے سائن کیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں ان کی علیحدگی کے بعد معاملہ شدت اختیار کرگیا اور اب یہ تنازع انڈسٹری کے مختلف فورمز تک پہنچ چکا ہے۔

Load Next Story