کراچی؛ عوام دوست منڈی اختتام پذیر، بیوپاری واپس روانہ
فوٹو: ایکسپریس نیوز
کراچی کے علاقے نادرن بائی پاس پر قائم 1100 ایکڑ پر محیط ‘عوام دوست منڈی’ اپنے اختتام کو پہنچ گئی اور بیوپاری اپنے مویشی فروخت کرکے کراچی والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واپس گھروں کو روانہ ہوگئے۔
عوام دوست منڈی کے ایڈ منسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق اس بار ڈھائی لاکھ سے زائد جانوروں میں سے 99 فیصد جانور فروخت ہوئے، خیبپر پختونخوا (کے پی)، پنجاب، سندھ، سفائر، گولڈن، پہاڑی، کراچی اور جنرل بلاک مکمل طور پر خالی ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 5 اپریل کو قائم کی گئی مویشی منڈی فیملی فیسٹول بنی رہی جہاں بچے اور بڑے سب نے فوڈ اسٹریٹ پر کھانوں اور تربوز کے شربت سے خوب لطف اٹھایا، یہ مویشی منڈی کم اور فیملی فیسٹول زیادہ لگ رہی تھی۔
انچارج ایڈمنسٹریشن اسلم بلوچ کے مطابق اب منڈی میں اونٹ، گائے، بیل اور بکرے ملا کر صرف 500 کے قریب جانور موجود ہیں، یہ بھی فروخت ہوجائیں گے۔
ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی طارق تنولی نے کہا کہ جہاں بیوپاریوں اور شہریوں کو سہولت دی، وہیں ٹھیلہ فروشوں، ہوٹل اور کیبن مالکان کو روزگار ملا، شان دار کامیابی پر الیکٹرونک، پرنٹ، سوشل اور عالمی میڈیا کے کردار کو سراہا اور انہوں نے آبائی علاقوں کو لوٹتے بیوپاریوں نے ہاتھ ہلا کر کراچی والوں کا شکریہ ادا کیا۔