آئی جی سندھ کی جرائم کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت
فوٹو: سندھ پولیس فیس بک
سندھ کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس جاوید عالم اوڈھو نے پولیس کو جرائم کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے اور عیدالاضحیٰ کے دوران سیکیورٹی کے سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں عیدالاضحیٰ کے دوران سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا اور صوبے بھر کی سیکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور دیگر افسران اور کراچی سمیت دیگر اضلاع کے ایس ایس پیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے عیدالاضحیٰ پر صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی اور تمام یونٹس کو انٹیلی جنس شیئرنگ اور اسیسمنٹ مؤثر بنانے کا حکم دیا۔
جرائم کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے حکم دیا کہ اسٹریٹ کرائمز کے خلاف کومبنگ آپریشنز مزید تیز کیے جائیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔
اجلاس کے دوران تمام اضلاع میں پولیس پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور ناکہ بندی مؤثر بنانے، داخلی و خارجی راستوں، بارڈر ایریاز اور ہائی ویز پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی۔
آئی جی سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا اور ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور کمیونٹیز سے رابطے بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی۔