اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے، 4 بچوں اور 3 خواتین سمیت 31 افراد جاں بحق

شہر نبطیہ میں متعدد مقامات پر دھماکوں کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، عینی شاہدین

جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔

لبنانی وزارت صحت کے مطابق حالیہ حملوں میں کم از کم 31 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ہلاکتوں کی اطلاعات جنوبی شہر صور کے قریب برج الشمالی، کوتھریات الرز، حباش، معرکہ اور صلا سمیت مختلف علاقوں سے موصول ہوئی ہیں۔

عینی شاہدین اور مقامی صحافیوں کے مطابق شہر نبطیہ میں متعدد مقامات پر دھماکوں کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ فضائی حملوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک حملہ ایک عوامی اسپتال کے قریب بھی ہوا جس سے اسپتال کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے 50 سے زائد جنوبی اور مشرقی قصبوں اور دیہات کے لیے انخلا کے انتباہات جاری کیے گئے ہیں جن میں نبطیہ شہر بھی شامل ہے۔

فوجی ذرائع کے مطابق اسرائیلی دستے اس نام نہاد یلو لائن سے آگے بھی کارروائیاں کر رہے ہیں جو تقریباً 10 کلومیٹر اندر لبنانی حدود میں واقع ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی علاقے زوطر الشرقیہ میں اسرائیلی افواج کی پیش قدمی کو روکا اور متعدد حملوں کا جواب دیا۔ تنظیم نے ڈرون اور راکٹ حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مشرق لبنان میں وادی بیکا کے علاقے میں بھی حملوں کی اطلاعات ہیں جہاں وزارت صحت کے مطابق مشغارہ کے مقام پر حملے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

 

ریسکیو اداروں کے مطابق کئی مقامات پر ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے جبکہ صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے اور خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ

Load Next Story