رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کا نیا ریکارڈ قائم، سعودی محکمہ شماریات کی رپورٹ
سعودی محکمہ شماریات نے مناسک حج کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں سال مجموعی طور پر ریکارڈ 17 لاکھ 7 ہزار 301 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔
محکمہ شماریات کے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق اس سال 165 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 15 لاکھ 46 ہزار 655 غیر ملکی حجاج کرام نے حج ادا کیا جن میں سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی بھی شامل ہیں۔
سعودی عرب کے مقامی افراد کی بھی بڑی تعداد نے فریضہ حج ادا کیا رپورٹ کے مطابق اس سال 1 لاکھ 60 ہزار 646 سعودی شہریوں نے مناسک حج ادا کیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی تعداد میں سے 8 لاکھ 93 ہزار 396 مرد حجاج تھے جبکہ خواتین حجاج کی تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 905 تھی۔
سعودی محکمہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 14 لاکھ 85 ہزار 729 غیر ملکیوں نے حج کے لیے فضائی راستہ اخیتار کیا جبکہ 54 ہزار 429 افراد زمینی راستے سے مبارک سفر کیا، علاوہ ازیں 6 ہزار 497 غیر ملکی حجاج سمندری راستے سے مملکت پہنچے۔
واضح رہے کہ سعودی محکمہ شماریات کے گزشتہ سال کے ریکارڈ کے مطابق 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔