خیبر پختونخوا؛ چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ سے اختلافات کی تردید کردی

پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے جوان ملک میں امن کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، شہاب علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

پشاور:

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے وزیراعلیٰ سے اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعلیٰ سے آپ کے اختلافات کی خبریں چل رہی ہیں، جس پر چیف سیکرٹری نے جواب دیا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے سٹی سرکلر روڈ پر صفائی مہم کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے چھوٹے بڑے شہروں میں صفائی مہم شروع کردی گئی ہے۔ پشاور کو 5 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ 4 ہزار اہلکار صفائی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

چیف سیکرٹری نے بتایا کہ گلی گلی سے جانوروں کی باقیات اٹھائی جارہی ہیں . صفائی مہم میں 8 ہزار گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے بعد مچھر مار اسپرے کیے جارہے ہیں جبکہ کلورین اور عرق گلاب سے سڑکیں دھوئی جائیں گی۔

شہاب علی شاہ نے کہا کہ عید کے موقع پر قبائلی علاقوں سمیت پورے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی الرٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عید سے قبل بنوں اور ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنائے گئے۔

چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کے جوان امن کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں جبکہ امن و امان کے قیام میں عوام کا تعاون بھی حاصل ہے۔

Load Next Story