بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں گے، رانا ثنااللہ
وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ پوری مسلم اُمہ حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کو ایثار اور رضائے الٰہی کے جذبے کے ساتھ مناتی ہے، اللہ تعالیٰ عیدالاضحیٰ کے مقدس موقع پر پاکستان اور عالمِ اسلام پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگی صورتحال سے پوری دنیا خصوصاً خطہ اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز سے دوچار ہوا، جس کے باعث عام آدمی کو مہنگائی اور مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آئندہ بجٹ میں عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے جبکہ کمزور طبقات کی مدد کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے سمیت وسیع پیمانے پر عوام کو ریلیف دیا جائے گا، پنجاب حکومت کے متعدد فلاحی منصوبے جاری ہیں اور مستحقین تک ان کا حق شفاف انداز میں پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق رمضان پیکج اس کی ایک عمدہ مثال ہے اور حکومت ایسے منصوبوں پر مزید توجہ دے رہی ہے جن سے عوام خوشحال ہو سکیں۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اگر جنگی حالات پیدا نہ ہوتے تو وفاقی حکومت بڑے ریلیف پروگرام کا اعلان کرتی، تاہم اب بھی عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دانشمندانہ اور سفارتی مہارت سے خطے میں امن کے قیام کیلئے مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے مشکل ترین حالات میں جرات اور عزت کے ساتھ کھڑے ہو کر مثال قائم کی، جبکہ نیتن یاہو جیسے “مکار شخص” کی چال ناکام ہوئی۔ ان کے مطابق پاکستان کو امن کے پاسدار کے طور پر جانا جاتا ہے اور آنے والا وقت بہتری اور ترقی کا پیغام لے کر آئے گا۔
رانا ثناءاللہ نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت “صندور ٹو” کے نام پر دہشت گردی پھیلا رہا ہے، جبکہ افغانستان میں موجود عناصر بھارت کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج انتہائی پروفیشنل اور بہادر ہیں اور دہشت گردوں کا جلد خاتمہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی مشکلات کے باوجود بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور فنانشل اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق جنگ بندی کے بعد پیٹرولیم قیمتوں اور مہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔
فلسطین کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے اور مسلم ممالک کو متفقہ مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ایسا معاہدہ سامنے آتا ہے جس پر فلسطینی عوام اور مسلم ممالک متفق ہوں تو پاکستان اس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
آخر میں انہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری قوم خصوصاً فیصل آباد کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔