اللہ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام اور قوم کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے، وزیراعظم
فوٹو فائل
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلیٰ حکومتی، آئینی اور سیاسی شخصیات سے ٹیلیفونک رابطے کر کے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدرِ مملکت، گورنر پنجاب، گورنر بلوچستان، گورنر خیبر پختونخوا، اسپیکر قومی اسمبلی ، وزیر اعلی پنجاب، وزیر اعلی سندھ وزیر اعلی بلوچستان اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے عید کی مبارک باد پیش کی۔
اسکے علاوہ وزیراعظم نے استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین عبدالعلیم خان، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی اور قومی عوامی پارٹی کے رہنما آفتاب شیرپاو سے بھی ٹیلیفون رابطہ کیا اور عید کی مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور قوم کو اتحاد و اتفاق کی دولت سے نوازے۔
گفتگو کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں اور اکائیوں کے ساتھ مل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔