دنیا کا معمر ترین ’ونگ واکر‘
(تصویر: گینیز ورلڈ ریکارڈز)
جنگِ عظیم دوم میں حصہ لینے والے برطانوی فوجی نے جہاز کے اوپر کھڑے ہو کر دنیا کے معمر ترین ونگ واکر کا گینیز ورلڈ ریکارڈ نام کر لیا۔
98 سالہ ہیری ہیزمین نے کیمبرج میں قائم ڈکسفورڈ ایئر فیلڈ میں 1000 فٹ کی بلندی پر 9 منٹ سے زیادہ وقت اڑتے جہاز کے اوپر کھڑے ہو کر گزارا۔
موقع پر گنیز ورلڈ ریکارڈز کے جج بھی موجود تھے جنہوں نے باضابطہ طور پر انہیں دنیا کا سب سے عمر رسیدہ ونگ واکر قرار دیا۔
ہیری ہیزمین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے یہ خواب دیکھتے تھے اور 98 سال کی عمر میں اسے پورا کرنا ان کی سوچ سے بھی بڑھ کر ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بننا ناقابلِ یقین احساس ہے۔