کولمبیا میں دو مسلح گروپوں میں تصادم، 52 افراد ہلاک
فوٹو: غیرملکی میڈیا
کولمبیا کے جنوب مشرقی علاقے میں دو مسلح گروپس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق کولمبیا کے جنوب مشرق میں منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کے ایک اہم علاقے پر قبضے کے لیے آپس میں برسر پیکار دو حریف مسلح گروپوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور 52 جنگجو ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان لڑائیوں میں شامل کولمبیا کی ریوولوشنری آرمڈ فورسز (فارک) کے ایک دھڑے نے جھڑپوں کے حوالے سے تمام تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حالیہ مہینوں میں خونریز جھڑپیں صوبے گواویارے کے جنگلوں میں بارانکو کولوراڈو گاؤں کے قریب ہوئیں۔
کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واقعات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس علاقے میں گروپوں کے درمیان مسلح لڑائی ہوئی ہے، اسی طرح کولمبیا کی فوج نے بھی اس کی تصدیق کی ہے، تاہم ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
پیڈرو سانچیز نے کہا کہ شہری آبادی کے تحفظ کے لیے فوجی دستے مذکورہ علاقے میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ لڑائی فارک کے ایک باغی دھڑے نیسٹر گریگوریو ویرا عرف ایوان موردیسکو کی قیادت میں الیگزینڈر دیاز مینڈوزا عرف کالارکا کورڈوبا کی سربراہی میں موجود دوسرے گروپ سے ہوئی۔