اسرائیلی اور لبنانی فوجی حکام کے درمیان امریکا میں اہم مذاکرات آج متوقع

یہ حالیہ جنگ بندی میں توسیع کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان پہلی براہ راست سکیورٹی بات چیت ہوگی

اسرائیل کی جنوبی لبنان میں جاری کارروائیوں اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اسرائیلی اور لبنانی فوجی حکام کے درمیان آج امریکا میں اہم سکیورٹی مذاکرات متوقع ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کے فوجی حکام واشنگٹن ڈی سی میں امریکی سرپرستی میں ملاقات کریں گے۔ یہ حالیہ جنگ بندی میں توسیع کے بعد اسرائیل اور لبنان کے درمیان پہلی براہ راست سکیورٹی بات چیت ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق اگرچہ اسرائیل اور لبنان نے اپریل میں ہونے والی جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کیا تھا، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی حملوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں مزید اندر تک پیش قدمی کر رہی ہے جبکہ سرحدی علاقوں کے تمام رہائشیوں کو شمال کی جانب منتقل ہونے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

لبنان کے معروف عربی اخبار ’النہار‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ پیش گوئی کرنا آسان نہیں کہ امریکی سرپرستی میں ہونے والے براہ راست لبنانی اسرائیلی فوجی مذاکرات کیا نتائج سامنے لائیں گے۔

دوسری جانب لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان پر اسرائیل کے مسلسل حملوں کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے زور دیا کہ فوری جنگ بندی، اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا اور لبنانی ریاست کی پورے ملک پر عملداری ناگزیر ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ان مذاکرات کو خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم زمینی صورتحال اب بھی انتہائی کشیدہ ہے۔

Load Next Story