آئی پی ایل میں اسمارٹ سن گلاسز پر پابندی عائد

گلاسز کو موبائل فون، اسمارٹ واچز اور دیگر الیکٹرانک آلات کے ساتھ لاکرز میں محفوظ رکھا جائے گا، اے سی ایس یو

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اسمارٹ گلاسز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ (اے سی ایس یو)نے میچز کے دوران سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے اسمارٹ گلاسز کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

نئی ہدایات کے مطابق کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو اسمارٹ گلاسز اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہی سیکیورٹی حکام کے حوالے کرنا ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق یہ جدید چشمے لائیو اسٹریمنگ، پیغامات بھیجنے، کالز کرنے اور ویڈیو ریکارڈنگ جیسی سہولیات رکھتے ہیں جس کے باعث میچ کے دوران غیر مجاز رابطوں اور معلومات کے تبادلے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

اے سی ایس یو نے واضح کیا ہے کہ اسمارٹ گلاسز کو موبائل فون، اسمارٹ واچز اور دیگر الیکٹرانک آلات کے ساتھ لاکرز میں محفوظ رکھا جائے گا۔

اگر کسی کھلاڑی یا آفیشل کے پاس پلیئر اینڈ میچ آفیشلز ایریا میں یہ ڈیوائس پائی گئی تو اسے قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور ثبوت ثابت ہونے پر جرمانے سمیت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

حال ہی میں راجستھان رائلز کے ٹیم مینیجر رومی بھنڈار پر ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرنے پر ایک لاکھ بھارتی روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا جبکہ کپتان ریان پراگ کو ڈریسنگ روم میں ای سگریٹ استعمال کرنے پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ اور ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔

Load Next Story