امریکا نے ایران کے ایک ارب ڈالر کے کرپٹو اثاثے ضبط کر لیے، نئی پابندیاں عائد

یہ اقدام ایران کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جاری معاشی دباؤ کی پالیسی کا حصہ ہے، امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو کرنسی اثاثے ضبط کر لیے ہیں۔

ریگن نیشنل اکنامک فورم سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایران کے خلاف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی جانب سے جاری معاشی دباؤ کی پالیسی کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد مرحلہ وار کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو اقدامات ہٹائے جائیں گے وہ آہستہ آہستہ ختم کیے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے امکانات پر پیش رفت ہو رہی ہے اور پہلی بار ایران نے جوہری معاملے پر بات چیت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عمان نے آبنائے ہرمز پر ٹیکس نہ لگانے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم ایران کی مدد کرنے کی صورت میں عمان کے خلاف پابندیوں کا امکان موجود ہے۔

ادھر امریکی محکمہ خزانہ نے ایران سے متعلق نئی انسداد دہشت گردی پابندیوں کا اعلان بھی کیا ہے جن کے تحت متعدد ایرانی افراد اور اداروں کو ہدف بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران کو اس بات کی ضمانت دینا ہوگی کہ وہ کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔

 انہوں نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کے فیصلے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ ایران کے معاملے پر حتمی فیصلہ جلد کیا جائے گا۔

ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات جاری نہیں ہیں۔

 

Load Next Story