معروف ٹک ٹاکر حکیم بابر کو مبینہ طور پر شربت میں زہریلی چیز پلا دی گئی، اسپتال منتقل
پنجاب کے ضلع سمبڑیال میں معروف ٹک ٹاکر حکیم بابر کو مبینہ طور پر شربت میں زہریلی چیز پلا دی گئی، جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہوگئی اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق معروف ٹک ٹاکر حکیم بابر عیدالاضحیٰ کے موقع پر تھانہ بیگووالہ کے علاقے موضع کوٹلی کھوکھراں آئے تھے، جہاں مبینہ طور پر سرور چوڑ اور صفدر نے انہیں شربت پلایا، جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہو گئی۔
حکیم بابر کو علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمبڑیال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق صفدر اور سرور چوڑ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
حکیم بابر نے الزام عائد کیا ہے کہ دونوں ملزمان نے ٹک ٹاک پر ان کی شہرت سے حسد کی وجہ سے یہ اقدام کیا۔ تاہم ایم ایس ٹی ایچ کیو سمبڑیال کے مطابق ابتدائی طبی معائنے میں زہر کے شواہد نہیں ملے۔
ایم ایس کے مطابق حکیم بابر کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے رہائشی حکیم بابر کوٹلی کھوکھراں میں دعوت پر آئے تھے، جبکہ صفدر اور علی کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔