دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے جبری شٹ ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی معطل

شہریوں سے درخواست ہے کہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں، ترجمان واٹرکارپوریشن

کے الیکٹرک کی جانب سے ( دھابیجی پمپنگ اسٹیشن) پر بجلی کے جبری شٹ ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے

ترجمان واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق کے الیکٹرک نے دھابیجی گرڈ کے پاور ٹرانسفارمر نمبر 1 میں پیدا ہونے والے ایک اہم فنی نقص کی فوری مرمت کے لیے 30 مئی 2026 شام6:30 منٹ پر جبری شٹ ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق اس جبری شٹ ڈاؤن کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 21 میں سے 10 پمپنگ یونٹس بند ہوگئے، جس سے کراچی کو پانی کی ترسیل کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ابتدائی طور پر ایک گھنٹے کے بجلی کے شٹ ڈاؤن سے آگاہ کیا گیا تھا، لیکن تاحال بجلی کی مکمل بحالی کے وقت کے بارے میں کوئی حتمی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور کے الیکٹرک کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ بجلی کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

شہریوں سے درخواست ہے کہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں۔

متعلقہ

Load Next Story