پی ایس جی نے آرسنل کو شکست دے کر مسلسل دوسری بار یوایفا چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

ایکسٹرا ٹائم میں بھی دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں جس کے باعث جیت کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا

فرانسیسی کلب  پیرس سینٹ جرمیں (پی ایس جی) نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آرسنل کو پنلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ یوایفا چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل کے مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ آرسنل کی جانب سے میچ کے چھٹے منٹ میں لوکاس ہاروٹز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم دوسرے ہاف میں پی ایس جی کے عثمان ڈیبیلے نے شاندار گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔

مقررہ وقت کے بعد کھیلے گئے ایکسٹرا ٹائم میں بھی دونوں ٹیمیں مزید کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں جس کے باعث جیت کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

پنلٹی شوٹ آؤٹ میں پی ایس جی نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد 3-4 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپیئنز لیگ کی ٹرافی اپنے نام کر لی، یہ پی ایس جی کا مسلسل دوسرا چیمپیئنز لیگ ٹائٹل ہے۔

گزشتہ سال بھی فرانسیسی کلب نے فائنل میں انٹر میلان کو شکست دے کر یورپ کی سب سے بڑی کلب فٹبال ٹرافی جیتی تھی۔

 

Load Next Story