گلگت بلتستان انتخابات؛ حکومت جمہوری عمل کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

فوٹو: وزیراعظم آفس

وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں انتخابات کے لیے سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی  ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جمہوری عمل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے لاہور میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی امن و امان اور سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کوعیدالاضحیٰ کے موقع پرشہریوں کی جان و مال کے تحفظ اورعوامی مقامات کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے پرامن، شفاف اورمنظم انعقاد کویقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور تیاریوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں امن و استحکام کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جمہوری عمل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

Load Next Story