دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، نائب صدر یورپی کمیشن

امریکہ ایران جنگ میں پاکستان کی ثالثی کی حمایت پر یورپی یونین کے شکر گزار ہیں، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار

یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کایا کالاس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے بہترین تعلقات ہیں۔ پاکستان یورپی یونین کے جی ایس پی پلس سے مستفید ہونے والا رکن ملک ہے، یورپی یونین کی جانب سے پاکستانی طلبہ کیلئے اسکالر شپ پروگرام بھی جاری ہے۔

کایا کالاس نے کہا کہ امریکہ ایران جنگ میں پاکستان کی ثالثی کو پورے یورپ میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، ماضی قریب میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی رہی ہے جس پر دونوں ممالک کو صبر و تحمل کا مشورہ دیا گیا، نائب صدر یورپی کمیشن کایا کالاس نے آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کا بھی مطالبہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی نائب صدر کو ان کے پہلے دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دونوں جانب رابطہ قائم رہا، یورپی یونین کے اعلیٰ وفد کا آخری دورہ پاکستان 2017 میں ہوا تھا۔ 

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات موجود ہیں، پاکستان نے رواں سال اپریل میں پاک یورپی یونین ٹریڈ کانفرنس کا انعقاد کیا۔ امریکہ ایران جنگ میں پاکستان کی ثالثی کی حمایت پر یورپی یونین کے شکر گزار ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت، سندھ طاس معاہدے اور بھارت کے ساتھ تنازع میں پاکستان کی حمایت پر بھی یورپی یونین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان، یورپی یونین کی جانب سے “فتنہ الہندوستان” اور “فتنہ الخوارج” کی دہشت گردی کی مذمت کو سراہتا ہے۔ امید ہے محترمہ کایا کالاس کا یہ دورہ پاکستان کا پہلا اور آخری دورہ نہیں ہوگا۔ 

Load Next Story