پاکستان کو ایک اور آئی سی سی میگا ایونٹ کی میزبانی مل گئی
پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایک اور میگا ایونٹ کی میزبانی دے دی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2028 کی میزبانی کرے گا جس کی باقاعدہ منظوری حالیہ اجلاس میں دی گئی۔ اس سے قبل پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی سمیت بڑے ایونٹس کی میزبانی مل چکی ہے اور اب ایک اور عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی مل گئی۔
ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2028 میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے تحت 10 ٹیمیں براہِ راست کوالیفائی کریں گی جن میں 2026 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں، میزبان ملک (اگر پہلے سے کوالیفائی نہ کرے) اور 6 جولائی 2026 تک ICC ویمنز T20I رینکنگ میں اگلی سب سے اونچے درجے والی ٹیمیں شامل ہیں۔
باقی دو ٹیموں کا فیصلہ گلوبل کوالیفائر ٹورنامنٹ کے ذریعے کیا جائے گا جس میں مختلف ریجنل کوالیفائنگ ایونٹس بھی شامل ہوں گے۔
آئی سی سی رپورٹ کے مطابق بھارت کی ٹیم کے میچز نیوٹرل وینیو پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کی مکمل تفصیلات اور ریجنل الاٹمنٹ جولائی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں طے کی جائیں گی۔