کراچی: شارع فیصل پر تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر سے 12 سالہ بچہ جاں بحق

پولیس نے ٹریکٹر کو قبضے میں لیکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جو کنٹونمنٹ بورڈ کا ملازم ہے

شارع فیصل پر کراچی پولیس آفس کے سامنے تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر سے سائیکل سوار 12 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق صدرتھانے کے علاقے شارع فیصل کراچی پولیس آفس کے سامنے تیز رفتار ٹریکٹرنے سائیکل سوار بچے کو ٹکر ماردی جس کے باعث بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

لاش کو قانونی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی بچے کی شناخت 12 سالہ عثمان ولد محمد عمران کے نام سے کی گئی۔

متوفی بچہ کراچی پولیس آفس سے سامنے واقع فیصل اپارٹمنٹ کا رہائشی اور چوتھی جماعت کا طالب علم تھا، متوفی چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔

ایس ایچ او صدر محمد ارشد کے مطابق بچہ اپارٹمنٹ کے باہر سائیکل چلا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹریکٹر نے بچے کوٹکر ماردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی  تاہم پولیس نے ٹریکٹر کو قبضے میں لیکر اس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جو کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کا ملازم بتایا جاتا ہے۔

Load Next Story