پروڈیوسر پر جنسی ہراسانی کا جھوٹا مقدمہ کیا تھا، شلپا شندے کا اعتراف

اداکارہ نے پہلی مرتبہ واضح طور پر تسلیم کیا کہ ہراسانی کا الزام درست نہیں تھا

بھارتی ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ شلپا شندے نے برسوں بعد ایک چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ڈراما سیریل ’’بھابی جی گھر پر ہیں‘‘ کے پروڈیوسر سنجے کوہلی کے خلاف دائر کیا گیا جنسی ہراسانی کا مقدمہ حقیقت پر مبنی نہیں تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شلپا شندے نے حال ہی میں کامیڈین بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ماضی کے اس متنازع معاملے پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پروڈیوسرز کے ساتھ ادائیگیوں اور معاہدے سے متعلق شدید اختلافات چل رہے تھے اور انہیں محسوس ہوا کہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے ان کے پاس کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں تھا، اسی لیے انہوں نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے پہلی مرتبہ واضح طور پر تسلیم کیا کہ ہراسانی کا الزام درست نہیں تھا۔ ان کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان معاملات عدالت سے باہر طے پا گئے تھے، جس کے نتیجے میں ان کی بقایا ادائیگیاں بھی ادا کر دی گئی تھیں۔

شلپا شندے کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اب ان کے تعلقات سنجے کوہلی کے ساتھ معمول پر آ چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ دوبارہ ان کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور دونوں کے درمیان ماضی کی تلخیاں ختم ہو چکی ہیں۔

واضح رہے کہ 2016 میں ڈرامہ ’’بھابی جی گھر پر ہیں‘‘ سے شلپا شندے کی علیحدگی اور بعد ازاں پروڈیوسر کے خلاف ہراسانی کے مقدمے نے بھارتی ٹی وی انڈسٹری میں خاصی ہلچل مچا دی تھی۔ یہ تنازع طویل عرصے تک شوبز حلقوں اور میڈیا میں زیر بحث رہا، تاہم اب اداکارہ کے حالیہ اعتراف نے اس پرانی بحث کو ایک بار پھر تازہ کر دیا ہے۔

Load Next Story