ازبکستان جانے والے 2 مسافروں کو جعلی پروٹیکٹر اسٹیمپس کی نشاندہی پر آف لوڈ کر دیا گیا

مسافروں کی شناخت مہتاب جان، ساکن کیچ، اور محمد حسین علی، ساکن رحیم یار خان، کے نام سے ہوئی

ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے ازبکستان جانے والے دو مسافروں کو جعلی پروٹیکٹر اسٹیمپس کی نشاندہی پر آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کی شناخت مہتاب جان، ساکن کیچ، اور محمد حسین علی، ساکن رحیم یار خان، کے نام سے ہوئی، جو ازبکستان کے بزنس اور ورک ویزوں پر سفر کر رہے تھے۔ جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ دونوں مسافروں کو 13 اپریل 2026 کو پروٹیکٹر نہ ہونے کی بنیاد پر بھی آف لوڈ کیا جا چکا تھا۔

مزید تفتیش میں دونوں پاسپورٹس کے صفحہ نمبر 35 پر موجود پروٹیکٹر اسٹیمپس مشکوک اور جعلی پائے گئے، جن کی سرکاری ریکارڈ سے تصدیق بھی نہ ہو سکی۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافروں نے انکشاف کیا کہ لاہور کے رہائشی ایجنٹ امیر نے غیر قانونی ذرائع سے ان کے ویزوں اور پروٹیکٹر انڈورسمنٹ کا انتظام کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story